ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / سپریم کورٹ نے آر جے ڈی لیڈر شہاب الدین کی ضمانت منسوخ کی

سپریم کورٹ نے آر جے ڈی لیڈر شہاب الدین کی ضمانت منسوخ کی

Fri, 30 Sep 2016 17:57:53  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 30؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )سپریم کورٹ نے آر جے ڈی لیڈراور سیوان کے سابق ایم پی شہاب الدین کو قتل کے ایک معاملے میں ضمانت دینے کے پٹنہ ہائی کورٹ کے فیصلہ کو آج مسترد کر دیا۔عدالت نے آر جے ڈی کے اس سابق ایم پی کو فوری طور پرخودسپردگی کرنے یا پھر بہار پولیس کو اسے فوری طور پر حراست میں لینے کا حکم دیا ہے۔جسٹس پی سی گھوش اور جسٹس امیتاؤ رائے کی بنچ نے بہار حکومت اور نچلی عدالت کو یہ یقینی بنانے کی ہدایت دی کہ راجیو روشن قتل معاملے کی سماعت قانون کی دفعات کے تحت جلد پوری ہو۔شہاب الدین کو دوہرے قتل معاملہ میں عمر قید کی سزا مل چکی ہے جبکہ پٹنہ ہائی کورٹ نے اس معاملے میں اسے ضمانت بھی دے دی ہے۔عدالت عظمی نے شہاب الدین کی ضمانت منسوخ کرنے کے لیے دائر درخواستوں پر کل سماعت مکمل کی تھی۔عدالت نے ہائی کورٹ سمیت مختلف عدالتی فورم پر سبھی معاملوں میں راشٹریہ جنتا دل کے اس لیڈر کی ضمانت کی مخالفت کرنے کے تئیں بہار کی نتیش حکومت کے کمزور رویہ پر تنقید کی تھی۔
اس معاملے کی سماعت ہونے کے دن سے مسلسل آڑے ہاتھ لی جا رہی بہار حکومت سے کورٹ نے کل سوال کیا تھا کہ روشن قتل کیس میں شہاب الدین کو 17ماہ تک چارج شیٹ کی کاپی کیوں نہیں مہیا کرائی گئی۔روشن اپنے دو چھوٹے بھائیوں کے قتل کے واقعہ کا چشم دید گواہ تھا اور اپنے بھائیوں کے قتل کے معاملے میں گواہی دینے سے کچھ دن پہلے ہی اس کو قتل کر دیاگیاتھا۔بنچ نے نچلی عدالت کے ریکارڈ کا ذکر کیا اور کہا کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ پولیس ریکارڈ ملزم کو فراہم نہیں کرایا گیا تھا۔سیوان واقع چندرکیشور پرساد کی جانب سے وکیل پرشانت بھوشن نے شہاب الدین کی اس دلیل کی پرزور مخالفت کی تھی کہ اسے نچلی عدالت میں چارج شیٹ داخل ہونے کے 17ماہ بعد بھی اس معاملے کا ریکارڈ مہیا نہیں کرایا گیا۔شہاب الدین کی جانب سے سینئر وکیل شیکر نفڈے نے کہا تھا کہ مقدمے کی سماعت میں تاخیر کرنے کی پختہ کوشش کی گئی اور اسی وجہ سے اسے چارج شیٹ نہیں دیا گیا۔انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اس قتل کی سازش میں شہاب الدین کے ملوث ہونے کو ثابت کرنے کے لئے استغاثہ کے پاس ثبوت بھی نہیں تھے۔بہار حکومت کی جانب سے سینئر وکیل دنیش دویدی کا کہنا تھا کہ معاملے کے سارے پہلوؤں کو مدنظر رکھنا چاہئے اور عدالت کو اس شخص کو کھلا نہیں چھوڑنا چاہئے۔شہاب الدین کو پٹنہ ہائی کورٹ نے سات ستمبر کو ضمانت فراہم کی تھی اور اس کے بعد اسے دس ستمبر کو بھاگلپور جیل سے رہا کر دیا تھا۔شہاب الدین کی ضمانت پر رہائی کے خلاف چندرکیشور پرساد کی ایک مختلف اپیل پر سپریم کورٹ نے 19ستمبر کو آر جے ڈی لیڈر سے جواب طلب کیا تھا۔عدالت عظمی صحافی راجدیو رنجن کی بیوہ کی ایک مختلف درخواست پر بھی سماعت کر رہی ہے۔


Share: